ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مودی اور اکھلیش ایک ہی سکے کے دو پہلو ، ملائم نے توخودہی بتایا اکھلیش کومسلم مخالف:اویسی

مودی اور اکھلیش ایک ہی سکے کے دو پہلو ، ملائم نے توخودہی بتایا اکھلیش کومسلم مخالف:اویسی

Sun, 05 Feb 2017 09:46:18  SO Admin   S.O. News Service

 

 

لکھنؤ،4فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) آل انڈیا مجلس اتحاد مسلمین کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی اور اتر پردیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادو کو ایک ہی سکے کے دو پہلو قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ دونوں ہی ترقی کے نام پر عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔اویسی نے یہاں ایک نیوز چینل کے پروگرام میں کہاکہ اکھلیش اور مودی میں کوئی فرق نہیں ہے، دونوں ہی ترقی کے نام پر عوام کو بیوقوف بناتے ہیں۔ باپ( ایس پی بانی ملائم سنگھ یادو) کہتے ہیں کہ اکھلیش مسلم مخالف ہے.، اب آپ باپ پر یقین کریں گے یا بیٹے پر کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں نے ملائم، اکھلیش اور راجیو گاندھی کو اپنا لیڈر مانا لیکن انہوں نے اس قوم کو صرف زخم لگانے کا کام کیا، ان لیڈروں کی بزدلی، ناانصافی اور غفلت کی وجہ سے ہم آپ کے سامنے آکھڑے ہوئے ہیں۔ حیدرآباد سے ممبر پارلیمنٹ نے اکھلیش حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سماج وادی پارٹی نے دہشت گردی کے جھوٹے الزام میں جیل میں بند مسلم لڑکوں کو چھڑانے کی بات کہی تھی لیکن اس پر کچھ کام نہیں کیا گیا۔تین طلاق کے معاملے پر اویسی نے کہا کہ مودی حکومت کو صرف تین طلاق کی یاد کیوں آئی، انہیں گجرات فسادات کا شکار ہوئی ذکیہ جعفری اور دادری سانحہ میں ہلاک شدہ اخلاق کی ماں کی یاد کیوں نہیں آئی، یہ حکومت صرف جملوں پر چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی صرف اتر پردیش میں ہی مذبح خانے نے بند کرنے کی بات کیوں کر رہی ہے، وہ انہیں پورے ملک میں بند کرے۔


Share: